جنوبی افریقا میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 پاکستانی بھائی قتل

مقتولین کی لاشیں اب تک اہلخانہ کے حوالے نہیں کی گئیں: اسکرین گریب جیونیوز

جنوبی افریقا میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 پاکستانی بھائیوں کو قتل کردیا گیا۔

جیونیوز کےمطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے نواحی علاقےمیں تین بھائی رضا المصطفیٰ، رضا العطا اور رضا المرتضیٰ کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں مزاحمت پر دو بھائی جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والے رضا مصطفیٰ کے صاحبزادے فاروق پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کے گورنمنٹ کالج میں زیر تعلیم ہیں۔

مقتول کے بیٹے نےبتایاکہ ان کے والد، چچا اور تایا گزشتہ 6 سال سے کاروبار کےسلسلے میں جنوبی افریقا میں مقیم تھے، گزشتہ رات ان کے گھر میں ڈکیتی کی اطلاع دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس واقعے کے دوران دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں والد اور چچا شامل ہیں جب کہ تایا زخمی ہیں۔

مقتول رضا المصطفیٰ کے بیٹے فاروق کا کہنا ہےکہ ان کے والد ہاکی کے سابق کھلاڑی تھے۔

مقتولین کے اہل خانہ کا کہنا ہےکہ انہیں بتایا گیا کہ ڈکیتی رات کے اوقات میں ہوئی اور ڈاکو گھر میں گھس آئے، اس پر ایک بھائی نےمزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے دو بھائی موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جو وہاں کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔

اہل خانہ کے مطابق مقتولین کی لاشیں اب تک ان کے حوالے نہیں کی گئی ہیں، لاشوں کی حوالگی کے لیےقانونی کارروائی جاری ہے اور جیسے ہی لاشیں سپرد کی جائیں گی انہیں پاکستان لایا جائےگا۔

مزید خبریں :