Time 29 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی سے خیبر تک شدید گرمی، موئن جودڑو میں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ


کراچی کو آج سے رواں سال کی چوتھی ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی سے خیبر تک بیشتر شہروں میں پارا 43ڈگری سے اوپر رہا۔ 

کس شہر میں کتنا درجہ حرارت ریکارڈ کی گیا؟

موئن جودڑو میں درجہ حرارت 49ڈگری، تربت، لاڑکانہ، نوابشاہ، رحیم یارخان، دادو اور بہاولنگر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی۔

لسبیلہ اور سکھر میں 47، اوکاڑہ ،پڈعیڈن اور خانپور میں 45، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات میں 44، حیدرآباد  اور ڈی آئی خان میں  43 جب کہ پشاور میں درجہ حرارت 40ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی شہر میں سمندری ہوائیں رک جانے سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہا لیکن شہر میں شمال اور شمال مغرب کی جانب سے ہوا چل رہی ہے۔

محمکہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم جمعے سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔

فوٹو/ بشکریہ پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ ویب سائٹ—۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے ہفتے درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ 18 مئی کو بھی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 روز کے لیے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کی تھی، اس عرصے میں سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا اور سورج آگ برساتا رہا۔

اسپتالوں میں ایمرجسنی نافذ

ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 29 تا 31 مئی تک اسپتالوں میں ہنگامی حالت رہےگی۔

ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر بیربل کے مطابق شہر کے 13 بڑے اسپتالوں میں ہیٹ ویو وارڈز قائم کردیئے گئے ہیں، جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں ہیٹ ویو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

احتیاطی تدابیر

ماہرین اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

دوسری جانب ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :