30 مئی ، 2018
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہےکہ چوہدری نثار میں بچپنا ہے اور بچے کو منانا پڑتا ہے۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ چوہدری نثار کی اصل میں دوستی اور بھائی چارہ نوازشریف سے تھا، اس زمانے میں وہ میرے مخالف تھے اور یہ 1988 کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نوازشریف سے میری شکایت کرتے، ان کی شکایت کی وجہ سےمجھے نوازشریف سےڈانٹ پڑتی تھی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے ساتھ کچھ عرصہ ایسے ہی گزرا اور پھر وہ میرے دوست بن گئے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ چوہدری نثار میں بچپنا ضرور ہے، بچے کو منانا پڑتا ہے اور ہم مناتے رہتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا چوہدری نثار اب مان جائیں گے؟ شہبازشریف نے جواب دیا کہ اللہ خیر کرے گا۔