Time 30 مئی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

’سنجو‘ ٹریلر ریویو: بار بار دیکھو

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

میں شرابی ہوں، ٹھرکی ہوں، ہیروئنچی ہوں سب کچھ ہوں لیکن ٹیررسٹ نہیں ہوں۔

یہ لائن ختم ہوتے ہی اپنے تھانے میں شیر ’تھانیدار‘ کا ایک سوال آتا ہے ’آپ کے پاس اے کے 56 تھی‘؟ بگڑا ہوا شہزادہ، اسٹار کڈ اور سپر اسٹار ساری طرم خانی بھول کر سہم کر جواب دیتا ہے ’نہیں سر‘ جس پر اسے ایک زناٹے دار دار تھپڑ پڑتا ہے وہ ’تھپڑ‘ جس کی گونج ’سنجو‘ کا ٹریلر دیکھنے والا ہر آدمی محسوس کرتا ہے۔

فلم میں رنبیر کا پولیس والے سے تھپڑ کھانے کے بعد کا انداز — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب 

جی ہاں!سنجو کا ٹریلر آگیا، اس ٹریلر کو دیکھنے والوں کے ساتھ بھی وہی ہوا جو فلم کا ٹیزر دیکھنے والوں کے ساتھ ہوا تھا یعنی جس نے ٹریلر دیکھا وہ ٹریلر کا ہی ہوگیا۔

سنجو کا ٹریلر فلم کے ٹیزر کی طرح ہی منفرد اور دیکھنے والے کوفوراََ اپنے شکنجے میں گرفت کرنے والا ہے لیکن ٹریلر ٹیزر سے کئی گنا زیادہ بولڈ، سخت، سنجیدہ اور اوپن ہے ٹریلر نے فلم کے کئی راز کھولے بھی ہیں کئی پر اور پردے ڈال دیئے ہیں۔

لاڈلے سنجو نے اپنے باپ فلم اسٹار اور فلم میکر سنیل دت اور ماں سپر اسٹار نرگس کی وجہ سے ’ڈرگز‘ کیوں لی؟ ڈرگز میں مزہ کتنا کم اور سزا کتنی زیادہ ہے؟ ان سوالات کی جوابات ٹریلر میں راجکمار ہیرانی نے رنبیر، پاریش راول اور منیشا کوئرالہ کے تاثرات، ایکٹنگ اور مکالموں سے دلوائے۔

فلم میں سنجو کی والدہ کا ایک منظر— فوٹو: اسکرین گریب

اپنی ماں کو اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے پہلے کھونے والا سنجو آج تک نہیں سنبھل سکا، آخر ماں بھی وہ تھی جسے سب ’مدر انڈیا‘ کہتے تھے اور مانتے تھے۔ ماں نے کینسر کی وجہ سے تکلیف برداشت کی اور باپ کی زندگی سنجو کو ملنے والے درد اور سزا کی وجہ سے مشکل میں رہی۔

ماں باپ کے کردار کی جھلک ختم ہوتے ہی اسکرین پر اپنی کہانی لکھوانے والے سنجو کے سامنے انوشکا بیٹھی ہوئی ہوتی ہیں جو اس فلم میں رائٹر یا صحافی کا رول کر رہی ہیں۔ انوشکا نے راجکمار ہیرانی کی ہی” پی کے“ میں بھی ٹی وی جرنلسٹ کا کردار ادا کیا تھا جسے سرفراز دھوکہ نہیں دیتا۔

فلم میں سنجو کی تیسری اہلیہ کے کردار میں دیا مرزا نظر آئیں گی — فوٹو: اسکرین گریب 

یہاں بھی سنجو اپنی تیسری اور موجودہ بیوی یعنی مانیتا یعنی دیا مرزا کے سامنے انوشکا کو اپنی پوری اسٹوری کھل کے ’بِن داس‘ بتا رہا ہوتا ہے اور یہاں تک کہ اپنی 300 سے زائد گرل فرینڈز کی تعداد بھی، جو سنجو کی زندگی میں اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہوتیں جتنا بڑا  مسئلہ ایک ’اے کے 56 رائفل‘ کردیتی ہے۔

گرل فرینڈز تو ساری آئی اور گئیں لیکن ایک دوست تھا جو ہمیشہ سنجو کے ساتھ رہا، اسٹار ڈم سے پہلے، اسٹار ڈم کے بعد اور سب مشکلات میں اس دوست کا کردار ”وکی کوشل “ نے ادا کیا ہے۔

غالباََ یہ کردار سنجے دت کے بچپن کے دوست، جوانی کے ساتھی اور بہن کے جیون ساتھی ’کمار گورو‘ کا ہے۔

فلم میں سنجے کا قریبی دوست کے ساتھ منظر — اسکرین گریب 

دوستی کے بعد ’انڈر ورلڈ‘ کی انٹری ہوتی ہے جس نے ایک بار پھر سنجے کی زندگی بدل کر رکھ دی۔ آج کے ممبئی اُس وقت کے ’بمبئی‘ کے حساس ترین دور میں اِس سپر اسٹار کو بھرم بازی میں ’انڈر ورلڈ‘ والوں سے دوستی اور ان کا ’اسلحہ‘ رکھنا کتنا مہنگا پڑا؟

پریس والے اس اسٹار کے پیچھے کیوں پڑتے ہیں؟ اسٹار سے سیاستدان بننے والے اونچے قد کے سنجو کے بابا کو  کس کس کے سامنے جھکنا پڑا؟ جیل میں کیا کیا ہوا؟ اس ساری کہانی کی جھلکیاں ٹریلر نے دکھائیں لیکن پوری کہانی کیلئے فلم کا بے چینی سے انتظار کرنا ہوگا۔

اچانک ٹریلر میں محبت کا فلیش بیک آتا ہے ابھی محبت پھولوں سے رنگین ہوتی ہے کہ ڈرگز کا دھواں اس پیار عشق اور محبت کو کالا کردیتا ہے۔ باتھ روم میں رنبیر اور سونم کا ’منگل سوتر‘ کا سین انتہائی ’شدت‘ کا ہے اور زبردست فلمایا گیا ہے۔

یہ منظر بتاتا ہے کہ ڈرگز انسان کو جہاز کی طرح اڑا کر کتنا نیچے پھینکتے ہیں کہ انسان اپنی شرم و حیا تو بھولتا ہی ہے اپنوں کی عزت سے بھی کھیل جاتا ہے۔ سونم نے غالباً سنجے دت کی پہلی فلم کی ہیروئن اور ان کی محبت ’ٹینا منیم‘ کا کردار ادا کیا ہے اور وہی ٹینا منیم اب ٹینا امبانی ہیں۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

سنجو کے ٹریلر کی کتاب میں ابھی تک سب ٹائٹل بھدے نہیں لیکن بولڈ تھے، کڑوے تھے لیکن سچ تھے مگر اب ایک ایسا ٹائٹل آتا ہے جس پر سوالیہ نشان بھی ہے اور وہی فلم کی کہانی کی بنیاد بھی، ٹیررسٹ؟

— فوٹو: اسکرین گریب

جی ہاں سنجو سب کچھ تھا اور ہے لیکن ٹیررسٹ نہیں، ٹیررسٹ اور بم بلاسٹ سے تعلق کے الزام میں سخت ترین قانون میں سنجو کو جب گرفتار کیا جاتا ہے تو ایئر پورٹ پر چھوٹے قد کے پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے اور لمبے سیاہ سائے اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اس سپر اسٹارکے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو ایک دہشت گرد کے ساتھ وہاں کی جیل میں کیا جاتا ہے چاہے یہ اسٹار اپنا گناہ قبول کرے یا نہیں وہاں کی پولیس اور پریس اسے ٹیررسٹ مان چکی ہے لیکن چاہے جیل ہو یا عدالت سنجو اپنے ناکردہ گناہ کو قبول کرنے سے انکار کردیتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ پورے ملک کی عوام میں سے اکثریت اسے اب بھی بے قصور سمجھتی ہے۔

ٹریلر کا سب سے سیاہ ’چیپٹر‘ جو سنجو کی زندگی میں بھی سب سے مشکل دور ہے”جیل“ کا شروع ہوتا ہے۔ جیل کی کال کوٹھری کتنی سخت اور گندی ہے جہاں آدمی کو اپناسب کچھ کھونا پڑتا ہے، یہ سب راجکمار ہیرانی کی ڈائریکشن، کیمرا اینگلز، لوکیشن اور سب سے بڑھ کر رنبیر کے ’ایکسپریشنز‘ نے دیکھنے والوں نہ صرف دکھایا بلکہ محسوس کروایا ہے۔

ممبئی دھماکوں کے کیس میں ایئرپورٹ سے گرفتاری کا منظر — فوٹو: اسکرین گریب 

جیل کے مناظر میں جب گندا پانی رنبیر کی طرف آتا ہے تو ٹریلر دیکھنے والا بھی اپنے پاؤں بھی گندگی سے بچانے کیلئے اوپر کرلیتا ہے۔ یہ دن کتنے کٹھن ہوں گے اس شہزادے کے لیے جس کی پرورش پھولوں کی بستر، ٹھنڈے  اے سی، مہنگی گاڑیوں، عالیشان ہوٹل اور چارٹرڈ طیاروں کے ساتھ ہوئی ہو۔

جیل کے ان مناظر کے ساتھ ہی سکھویندر کی آواز میں ایک بیک گراؤنڈ میوزک بلند ہوتا ہے جس میں رنبیر یعنی سنجو کے مختلف روپ اور فلم کی دیگر کاسٹ کا تعارف ہوتا ہے۔ جیسے پہلے بتایا کہ ٹریلر میں ٹیزر سے زیادہ شدت اور سنجیدگی تھی شاید اسی لیے راجکمار ہیرانی نے اپنے مخصوص اسٹائل میں ٹریلر ہنسی مذاق کے ساتھ ”اینڈ“ کیا ہے۔

اس منظر میں سنجو کو واستو کے ڈائریکٹر اور سنجے دت کے دوست مہیش منجریکر کو چکر دیتے ہوئے ناکام دکھایا ہے اور شاید یہ بھی پیغام ہو کہ سنجو سب کچھ تھا لیکن سب سے زیادہ بے وقوف تھا جس کی بے وقوفیوں کی وجہ سے گرل فرینڈز، دوستوں، ساتھی اسٹارز، ڈائریکٹرز اور دہشت گردوں نے فائدہ اٹھایا اور اُس کو اِس حال تک پہنچایا، اِن سب نے کہا کہ سنجو ’فنشڈ‘ یعنی ختم ہوگیا ہے لیکن سنجو پھر آرہا ہے اپنی کہانی دنیا کو بتانے رنبیر کپور کو سامنے لارہا ہے۔

فلم کے ٹریلر نے ایک اور راز کھولا کہ منا بھائی سیریز، تھری ایڈیٹس اور پی کے کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی نے اس بار اے آر رحمان سے بھی کام لیا ہے۔ باقی رنبیر کی پرفارمنس ہو یا راجکمار ہیرانی کی ڈائریکشن اس کیلئے کچھ بھی لکھ دیں الفاظ چھوٹے پڑ جائیں گے تو آپ ٹریلر دیکھیں اور ان دونوں کیلئے اپنے الفاظ خود چنیں۔

کہانی کی بات ہو تو یہ ٹریلر کے شروع میں ہی بتادیا گیا کہ اتنی ورائٹی کسی اور کہانی اور فلم میں نہیں۔

ایک جگہ بس جب سنجو کو اس کا دوست بستر پر ’انگلش‘ میں شیر کی دھاڑ لگانے کا کہتا ہے وہاں پہلی بار ’رُور‘ کی جگہ رونے والے ’رُو‘ کا گمان ہوتا ہے۔

فلم سنجو کے ٹیزر ریویو کیلئے کلک کریں۔

نوٹ :

1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا اور اُس فلم کیلئے کام کرنے والا، فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے۔

2۔۔ ہر فلم سنیما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے۔ فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آ پ کے ٹی وی، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔

3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اور ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے، جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

4۔۔ غلطیاں ہم سے، آپ سے، فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔ آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔

5۔۔ فلم کے ہونے والے باکس آفس نمبرز یا بزنس کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے جو کچھ مارجن کے ساتھ کبھی صحیح تو کبھی غلط ہوسکتا ہے۔

6۔۔ فلم کی کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں۔ بڑی سے بڑی فلم ناکام اور چھوٹی سے چھوٹی فلم کامیاب ہوسکتی ہے۔ ایک جیسی کہانیوں پر کئی فلمیں ہِٹ اور منفرد کہانیوں پر بننے والی فلم فلاپ بھی ہوسکتی ہیں، کوئی بھی فلم کسی کیلئے کلاسک کسی دوسرے کیلئے بیکار ہوسکتی ہے۔

7۔۔ فلم فلم ہوتی ہے، جمپ ہے تو کٹ بھی ہوگاورنہ ڈھائی گھنٹے میں ڈھائی ہزار سال، ڈھائی سو سال، ڈھائی سال، ڈھائی مہینے، ڈھائی ہفتے، ڈھائی دن تو دور کی بات دو گھنٹے اور اکتیس منٹ بھی سما نہیں سکتے۔


مزید خبریں :