پاکستان میں کرینہ اور سونم کی نئی فلم کی نمائش پر پابندی

پاکستان میں ’فلم ویرے دی ویڈنگ‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی—.فلم پوسٹر

بالی وڈ کی معروف ادکارہ کرینہ کپور اور سونم کپور کی آنے والی نئی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘کی نمائش پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بے باک ڈائیلاگس اور عریاں مناظر پر مبنی اس فلم میں کرینہ کپور اور سونم کپور مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔

ڈسٹری بیوشن کلب کی مارکیٹنگ مینجر سبینا اسلام نے جیو نیوز کو بتایا کہ سندھ سنسر بورڈ نےفلم "ویرے دی ویڈنگ "کو کلئیر کر دیاتھا اور کچھ ڈائیلاگز اور سینز کو حذف کردیا تھا۔

تاہم اسلام آباد سنسر بورڈ کے تمام 11 اراکین نے فلم کو ہائی پروفائل قرار دے کر کہا کہ فلم فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھی جاسکتی اور فلم کا موضوع بہت بولڈ ہے اس لیے فلم کی ریلیز کی اجازت نہیں دے سکتے۔

فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ یکم جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی لیکن پاکستان میں اس کی نمائش پر پابندی لگادی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی کہانی چار خواتین دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی اپنی زندگی کے مسائل سے نمٹ رہی ہیں اور اپنے آپ کو آزاد اور بااختیار ثابت کرنا چاہتی ہیں۔

فلم میں کرینہ کپور اور سونم کپور مرکزی کردار نبھا رہی ہیں جب کہ سویرا بھاسکر اور شکا تلسانیا معاون کردار ادا کریں گی۔

مزید خبریں :