31 مئی ، 2018
انگلش کپتان جوئے روٹ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں کو درپیش فٹنس مسائل سے پریشان ہو گئے ہیں۔
ایک ایسے موقع پر جب انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز میں شکست کے خطرے سے دوچار ہے اور اسے ہیڈنگلے لیڈز کا دوسرا ٹیسٹ جیتنا اس اعتبار سے ضروری ہے کہ جیت ہی سیریز میں اسے شکست سے بچا سکے گی، انگلش کپتان جو روٹ مزید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
ستائیس سالہ جو روٹ جو اپنے ہوم گراونڈ پر پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔
انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ لارڈز میں پاکستان ٹیم بہت اچھا کھیلی لیکن اب لیڈز میں ہمیں ہر شعبے میں بہترین کھیل دکھانا ہو گا، مجھ سمیت سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
اوپنر کیٹون جیننگ کے سوال پر روٹ کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور اس کے پاس خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔
وکٹ کیپر جونی بیئرسٹو کے فٹ ہونے سے متعلق سوال پر انگلش کپتان نے کہا کہ کچھ مسائل تھے لیکن اب بیئر سٹو ٹیپ لگا کر کھیلے گا، تاہم بین اسٹوک کے بارے میں مجھے کچھ پتہ نہیں، ابھی اسکین کی رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ ان کی انجری جس نوعیت کی ہے۔
ایسی صورت حال میں بین اسٹوکس کو بطور بیٹس مین کھلانے سے متعلق سوال پر روٹ کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔