01 جون ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار نے سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم ہونے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کا مقابلہ سیالکوٹ میں عوام کی عدالت میں ہوگا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ان کی تاحیات نااہلی ختم کردی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 'جب خواجہ آصف کو نااہل کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ عثمان ڈار مجھے سیالکوٹ میں شکست نہیں دے سکا تو اس نے عدالتوں کا سہارا لیا'۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں ہوگا'۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 'میں مریم نواز اور نواز شریف کو خصوصی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ وہی سپریم کورٹ ہے، جس کے لیے آپ لوگ تضحیک آمیز باتیں کرتے ہیں، لیکن آج عدلیہ نے ان کا وزیر خارجہ بحال کردیا ہے'۔
عثمان ڈار کے وکیل فیصل چودھری نے اس موقع پر کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے پر تمام نکات کا جائزہ لینے کے بعد نظر ثانی اپیل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رواں برس 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اُس وقت کے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔
جس کے بعد خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف 2 مئی کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔