سلمان خان کی ’ریس 3‘ نے ریلیز سے پہلے ہی کمائی کا بڑا ریکارڈ بنالیا

’ریس 3‘ نے ریلیز سے پہلے ہی کمائی میں بالی وڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’دنگل‘ کو پیچھے چھوڑ دیا — فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ نے ریلیز سے پہلے ہی کمائی کا نیا ریکارڈ بنالیا اور فلم کے سیٹیلائٹ رائٹس کی مد میں 150 کروڑ بھارتی روپے کی ڈیل کرلی ہے۔

سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں عید الفطر پر 15 جون کو ریلیز ہوگی  جس میں انیل کپور ،بوبی دیول سمیت کئی اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔  

ایکشن تھرل فلم اپنی ریلیز سے پہلے ہی سرخیوں میں ہے اور فلم نے نمائش سے پہلے ہی باکس آفس پر خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

دبنگ خان کی فلم ’ریس 3‘ کے ڈسٹری بیوشن رائٹس کے لیے ’ایروز انٹرنیشنل‘ نے 190 کروڑ بھارتی روپے کی پیش کش کی تھی لیکن سلمان خان فلمز اور ٹپس فلمز نے ہی فلم کو ڈسٹری بیوٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’ریس 3‘ کے ڈسٹری بیوشن رائٹس 150 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے ہیں جب کہ فلم کا بجٹ بھی 150 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

سلو میاں کی اس بڑی ڈیل نے ریلیز سے پہلے ہی فلم کی لاگت پوری کرلی ہے اور ساتھ ہی دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کو بھی سیٹیلائٹ رائٹس کی فروخت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ’دنگل‘ کے سیٹیلائٹ رائٹس 75 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے تھے۔

’ریس 3‘ کے سیٹیلائٹ رائٹس خریدنے والی کمپنی کا نام ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔ 

یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے سیٹیلائٹ رائٹس 70 کروڑ بھارتی روپے، فلم ’باہو بلی2‘ کے 60 کروڑ بھارتی روپے اور عامر خان کی فلم ’سلطان‘ کے سیٹیلائٹ رائٹس کی ڈیل 55 کروڑ بھارتی روپے میں ہوئی تھی۔

مزید خبریں :