سلمان خان نے اداکاری کے بعد فلم ڈسٹری بیوشن میں بھی قدم رکھ دیا

— فوٹو: فائل 

ممبئی: بالی وڈ اداکار سلمان خان نے فلم ’ریس 3‘ سے ڈسٹری بیوشن کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا۔

دو دہائیوں سے زائد عرصے سے بالی وڈ نگری پر راج کرنے والے اداکار سلمان خان کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ پروڈیوسر بھی ہیں۔

سلو میاں کے پروڈکشن ہاؤس ’سلمان خان فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلموں میں ’بجرنگی بھائی جان‘، ’ہیرو‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ شامل ہیں۔

لیکن اب سلو میاں نے فلم ڈسٹری بیوشن کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے جس کا آغاز اپنی فلم ’ریس 3‘ سے کریں گے۔

فلم ’ریس 3‘ ٹپس فلمز اور سلمان خان فلمز کے مشترکہ بینر تلے بن رہی ہے جس کے بعد اب فلم کے ڈسٹری بیوٹرز بھی یہی دو پروڈکشن ہاؤس ہیں۔

اس حوالے سے سلمان خان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب اپنے سنیما تھیٹر بنانے کا ہے جس کے لیے انہیں کافی سوچ سمجھ کر چلنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے تھیٹر کھولنے کے لیے ایکزیبیٹر اور ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے بہت کچھ کرنا ہے لیکن ’ریس 3‘ کا ڈسٹری بیوٹر بن کر میں نے اس حوالے سے پہلا قدم اٹھا لیا ہے جس سے امید ہے میرا مقصد پورا ہوگا۔

یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ 15 جون کو عید کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جانی ہے جس  کی کاسٹ میں میں ان کے ساتھ بوبی دیول، انیل کپور، جیکولین فرنینڈس اور ڈیزی شاہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :