Time 14 جون ، 2018
پاکستان

آف شور کمپنیاں: نیب نے عمران خان کے دوست زلفی بخاری کو آج طلب کرلیا

زلفی بخاری اپنے والد کے ہمراہ نیب کے سامنے پیشن ہوںگے، ذرائع_ فوٹو/ فائل

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب)نے عمران خان کے دوست زلفی بخاری کو آج طلب کرلیا۔

دو روز قبل زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے جہاں امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

نگران وزیراعظم نے زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دینے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

جیونیوز کےمطابق نیب راولپنڈی نے آج زلفی بخاری کو طلب کرلیا ہے اور وہ اپنے والد واجد بخاری کے ساتھ نیب میں پیش ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ زلفی بخاری پر آف شور کمپنیاں بنانے کا الزام ہے اور نیب پاناما میں 435 آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کررہا ہے جس میں زلفی بخاری کا نام بھی شامل ہے، انہیں اسی سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب اس سے قبل بھی زلفی بخاری کو 3 نوٹس جاری کرچکا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے اور انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے جواب دیا تھاکہ وہ برطانوی شہری ہیں اس لیے نیب ان سےپوچھ گچھ نہیں کرسکتا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ نیب کو پتا چلا ہےکہ زلفی بخاری صرف برطانوی شہری نہیں بلکہ وہ پاکستان کی شہریت بھی رکھتے ہیں اور اس طرح وہ دُہری شہریت کے حامل ہیں۔

مزید خبریں :