’سنجو‘ کے کردار کیلئے رنبیر پہلی پسند نہیں تھے

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ اگلے ہفتے نمائش کے لیے پیش کی جائے گی — فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کے لیے رنبیر کپور فلمساز کی پہلی پسند نہیں تھے۔

سنجے دت کی بھارتی فلم نگری کے واحد اداکار ہیں جن کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی جارہی ہے جس میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار کیا ہے۔

رنبیر کپور سنجے کا روپ دھار کر مداحوں کو اپنا گرویدہ کر چکے ہیں اور ہر طرف سے اداکاری کی تعریفیں سمیٹ رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے فلم کے مرکزی کردار کے لیے رنبیر کپور کو کاسٹ کرنے کا کہا تو میں بالکل خوش نہیں تھا کیوں کہ میں رنویر سنگھ کو اس کردار کے لیے سوچ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگا کہ رنویر میں اس کردار کو نبھانے کی قابلت موجود ہے اور وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ سنجے کے روپ میں بھی جاندار نظر آئیں گے لیکن راجکمار ہیرانی رنبیر کو ہی کاسٹ کرنے پر بضد رہے۔

پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ جب ہم نے شوٹنگ شروع کی اور رنبیر کی اداکاری اور روپ کو دیکھا تو مجھے اپنے الفاظ واپس لینے پڑے کیوں وہ کردار اور سنجے دت کی روح میں ڈھل چکے تھے۔

دوسری جانب رنبیر کپور کا پروڈیوسر کے جواب میں کہنا ہے کہ مجھے نہیں پتا انہوں نے کیا کہا ہے لیکن مجھے اس بات کا کوئی دکھ نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ فلم ’سنجو‘ میں کام کرنے پر بہت خوش ہوں کیوں کہ ہر اداکار کی زندگی میں ایک ایسی فلم آتی ہے جس سے وہ بہت کچھ سیکھتا ہے اور میری زندگی کی یہی فلم ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ اگلے ہفتے ریلیز کی جائے گی جس میں رنبیر کپور، پاریش راول، انوشکا شرما اور سونم کپور سمیت کئی اداکار نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :