Time 23 جون ، 2018
پاکستان

مری میں نجی ہوٹل کی چیکنگ کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ

مری مال روڈ ایک اہم تفریحی مقام ہے جہاں متعدد ہوٹلز اور ریسٹورنٹس موجود ہیں — فوٹو: فائل

مری میں نجی ہوٹل کی چیکنگ کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی پر ہوٹل انتظامیہ نے اپنے غنڈے چھوڑ دیے، مار دھاڑ کے ساتھ فوڈ اتھارٹی کے عملے کو یرغمال بھی بنالیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق راجہ اشفاق سرور کے ہوٹل کو گندگی پر سیل کیا جا رہا تھا کہ ان کے عملے پر دھاوا بول دیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں چیکنگ کرنے والی ٹیم پر حملہ کیا گیا، جو مال روڈ پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کررہے تھے۔

ترجمان کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی جی فوڈ اتھارٹی ایک سابق وزیر راجہ اشفاق سرور کے ہوٹل کو چیک کر رہے تھے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق راجہ اشفاق سرور کے ہوٹل کو گندگی پرسیل کیا جانا تھا کہ دھاوابول دیا گیا اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سمیت ٹیم کے دیگر ارکان کو ہوٹل کے اندر یرغمال بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی گئی۔

اس حوالے سے ترجمان راولپنڈٰ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او مری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں اور درخواست موصول ہونے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :