26 جون ، 2018
بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ نے کروڑوں روپے کی کمائی کے باوجود بدترین ریٹنگ والی فلموں میں شامل ہوگئی۔
سلمان خان کو بالی وڈ باکس آفس کا سلطان کہا جاتا ہے جس کی وجہ ان کی فلموں کا کروڑوں کی کمائی کرنا ہے۔
حال ہی میں عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ’ریس 3‘ نے بھی بھارت میں 148 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے لیکن یہ فلم کارکردگی کے لحاظ سے بدترین فلم بن گئی ہے۔
فلم ’ریس 3‘ میں سلمان کی پرفارمنس فلم بینوں کو نہیں بھائی تھی جس کے باعث وہ گوگل پر بدترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے لیکن اب ان کی فلم بھی انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) کی کم ترین ریٹنگ والی 100 فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔
انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) دنیا بھر میں فلموں کے حوالے سے معتبر ریٹنگ والی ویب سائٹ ہے جہاں آن لائن فلموں اور اداکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
آئی ایم ڈی بی نے سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ کو 2.6 پوائنٹس دیئے ہیں جس کے بعد وہ دنیا کی 100 کم ترین ریٹنگ والی فلموں میں 72 ویں نمبر پر موجود ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم ’کیا کول ہیں ہم 3‘ 2.4 پوائنٹس، ’ہم شکلز‘ 2.1، ’ہمت والا’ 2 اور فلم ’ رام گوپال ورما کی آگ‘ 1.9 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’ریس 3‘ میں سلمان خان، انیل کپور، بوبی دیول، جیکولین فرنینڈس اور ڈیزی شاہ نے مرکزی کردار کیا ہے جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ریمو ڈی سوزا نے سر انجام دیے ہیں۔