27 جون ، 2018
ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل مکمل کر لیے۔
شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احستاب عدالت میں ہوئی۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کیس میں اپنے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ استغاثہ ثابت نہیں کر سکا کہ بچے نواز شریف کے زیر کفالت ہیں، واجد ضیاء نے بھی کہا کہ بچوں کے زیر کفالت ہونے کے ثبوت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واجد ضیاء نے یہ بھی تسلیم کیا کہ میاں شریف بچوں کو جیب خرچ دیتے تھے۔
نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ ہمیں دفاع کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے خلاف ایک بھی چیز ثابت کریں تو دفاع پیش کریں گے۔
خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بریت کا کیس ہے کیونکہ اس کیس میں کوئی شہادت پیش نہیں کی گئی۔
انہوں نے اپنے دلائل مکمل کرنے پر عدالت کا شکریہ بھی ادا کیا جب کہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے بھی خواجہ حارث کو دلائل مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
سردار مظفر نے کہا کہ اگر کوئی غلطی ہوئی تو معافی کا طلبگار ہوں۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کل حتمی دلائل کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل خواجہ حارث سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں چلنے والے کیسز سے علیحدہ ہو گئے تھے اور انہوں نے اپنا وکالت نامہ واپس لینے کی درخواست بھی دائر کر دی تھی۔