28 جون ، 2018
لاہور میں داتا دربار پر حاضری کے حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ بابا فرید شکر گنج کے مزار پر سجدہ نہیں کیا بلکہ ان کی عقیدت کی وجہ سے بوسہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سجدہ صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتا ہے، مجھے ایک طرف طالبان خان اور دوسری طرف کافر کہا جا رہا ہے، عقیدت سے بوسہ دینے پر بھی کافر کہا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کیوں الیکشن کے وقت پر سیتا وائٹ کا معاملہ سامنے آ جاتا ہے، یہ لوگ ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں کہ میں فرشتہ ہوں، میں نے 30 سال میں اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ 25 جولائی کو ہو گا۔
عمران خان کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابات میں لاہور پنجاب اور پنجاب پورے پاکستان کا فیصلہ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلے کے لیے کسی بھی پارٹی کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، این اے 131 میں زبردست مقابلہ ہو گا اور یہاں سے ہم نے سارے لاہور کی مہم کو اٹھانا ہے، ولید اقبال این اے 131 کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے نام اب پی ٹی آئی میں شامل ہو رہےہیں، انتخابات میں مفادات کی سیاست کرنے والوں کو شکست ہو گی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اس جماعت کے ساتھ ہے جو 30 سال سے پنجے گاڑھ کر بیٹھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپیہ باہر لے کر جانے والوں کے خلاف آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 پر عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ہو گا۔