27 جولائی ، 2012
سبر برنیکا …اقوام متحدہ شام کے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے سربرینکا کے تاریخی دورے کے موقع پر کہی۔ 1995ء میں اقوام متحدہ کے امن دستے بوسنیا میں آٹھ ہزار مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں ناکام ہو چکے تھے۔ بان کی مون نے کہا کہ بین الاقوامی برادری تاریخ سے سبق حاصل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم شام میں عام شہریوں کو تحفظ دینے اور خونریزی روکنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ ہم سربرینکا سے سبق حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری شام میں مزید خونریزی کا راستہ روکنے کیلئے متحد ہو جائے کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ 20سال بعد یو این کا کوئی سیکریٹری جنرل دمشق جائے اور موجودہ خونریزی پر معافی مانگے۔ بوسنیائی سربوں نے 1995ء میں اقوام متحدہ کے زیر نگرانی کیمپوں میں گھس کر ہزاروں مسلمانوں کو قتل کردیا تھا۔