27 جولائی ، 2012
ملتان … ملتان میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے میپکو آفس پر دھاوا بول دیا، پتھراوٴ کے بعد بیرونی دروازے کو توڑ کر اندر گھسنے کی بھی کوشش کی گئی۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملتان کے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، بڑی تعداد میں لوگ میپکو آفس کے باہر جمع ہوئے اور ٹائر جلا کر خانیوال روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا، مشتعل مظاہرین نے میپکو حکام کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ اسی دوران مظاہرین نے میپکو کے مین گیٹ پر پتھر برسانے شروع کر دئیے اور دفتر کے اندر گھسنے کی کوشش بھی کی ، جس سے دفتر کی بیرونی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے مظاہرین کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی تو مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔