06 جولائی ، 2018
قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو پاکستان آتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی ہوائی اڈے پر گرفتاری کی ہدایت دے دی گئی ہے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کیلئے خیبر پختونخوا پولیس سے رابطہ کیاجائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کرے گی جس کے بعد
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، اس حوالے سے نیب نے ایون فیلڈ فیصلے کی تصدیق شدہ نقل حاصل کرلی ہے۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 برس، مریم نواز کو 8 برس اور کیپٹن ریٹائرڈ کو 1 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
احتساب عدالت کا ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلہ 174 صفحات پرمشتمل ہے۔ فیصلے کے مطابق ملزمان کو فرد جرم میں شامل نیب آرڈیننس کی سیکشن 9اے فائیو کے تحت سزا سنائی گئی۔
نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے فائیو زیرکفالت افراد یا بے نامی دار کے نام جائیداد بنانے سے متعلق ہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق نوازشریف سمیت تمام ملزمان کو کرپشن کے پیسے سے جائیداد بنانے کے الزام سےبری کیا گیا ہے۔
عدالت نے ملزمان کیخلاف فرد جرم میں لگائی نیب آرڈیننس کی سیکشن 9اے فور سے بری کیا ہے۔
عدالتی فیصلے میں حکم دیا گیا کہ حسن اور حسین مفرور ہیں انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا جائے جب کہ عدالت نے دونوں کے دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
جب فیصلہ سنایا گیا تو نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجود تھے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر مانسہرہ میں اپنی انتخابی مہم چلارہے تھے۔
فیصلے کے بعد لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز نے کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے تاہم واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی اپنی بیگم کلثوم نواز سے ایک بار بات ہوجائے، جیسے ہی وہ ہوش میں آئیں گی اور سلام دعا ہوگی وہ پاکستان واپس آجائیں گے اور جیل سے اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔