08 جولائی ، 2018
راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے ایک سال قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر گرفتاری سے بچنے کے لیئے آبائی گاؤں میں روپوش رہے جس کے بعد نیب نے گرفتاری کے لیے مانسہرہ ایبٹ آباد اور ہری پور میں چھاپے مارے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کیپٹن (ر) صفدر کو تحفظ دینے والوں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راول پنڈی عرفان ماگی سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاری میں رکاوٹ بننے والوں کی نشاندہی کی جائے، پنجاب پولیس سے پوچھا جائے کہ دفعہ144 کی خلاف ورزی کیسے ہوئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان ایک مجرم کے پاس کیسے پہنچ گئے۔
ترجمان نیب نے بتایا کہ ڈی جی نیب کو معاملے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ میڈیکل ٹیم نے کیپٹن (ر)صفدر کا میڈیکل چیک اپ مکمل کرلیا جس میں ان کو صحت مند قرار دے دیا گیا ہے۔
نیب کو گرفتاری میں لیگی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، کئی بار کوششوں کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو نیب آفس پہنچانے میں کامیابی ملی۔
نیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے رضاکارانہ گرفتاری دینی تھی تو پہلےدن ہی دیتے، سزا یافتہ مجرم کی تشہیر سے میڈیا گریز کرے۔
نیب نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والا مجرم خود کو نیک ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی معاونت کرنے والوں اور پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ ان کی شناخت ویڈیوز کی مدد سے کی جائے گی ۔
اس سے قبل کیپٹن (ر) محمد صفدر گرفتاری دینے کے لیے راولپنڈی میں (ن) لیگ کی ریلی میں اچانک آگئے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے آڈیو بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ آج نیب کو اپنی گرفتاری دے دیں گے تاہم انہوں نے اپنا مقام خفیہ رکھا۔
ریلی میں چوہدری تنویر، ملک ابرار، شکیل اعوان اور دیگر مقامی پارٹی رہنما موجود تھے جس میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اس سے قبل اپنے آڈیو بیان میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا تھا کہ جہاں سے پارٹی نے فیصلہ کیا میں اس شہر سے گرفتاری دینے جارہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہزارہ ڈویژن سے کلین سوئپ کرے گی، عوام سردار محمد یوسف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا جب کہ اسی ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال اور مریم نواز کو 7 سال قید کا حکم دیا گیا ہے۔