پاکستان
Time 11 جولائی ، 2018

اے این پی امیدوار ہارون بلور کی شہادت، پی کے 78 میں انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن کے مطابق پی کے 78کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا—۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن 2018 کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کے بعد خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 78 میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پی کے 78کے انتخابات امیدوار کی وفات کے باعث ملتوی ہوئے۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ پی کے 78کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں، جس کے لیے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار  ہارون بلور بھی گزشتہ روز اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اسٹیج کی جانب جا رہے تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے انہیں نشانہ بنا ڈالا، اس واقعے میں اے این پی رہنما سمیت 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا نے ہارون بلور پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ سیکیورٹی اداروں کی کمزوری اور شفاف الیکشن کے خلاف سازش ہے۔

خیال رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی 22 دسمبر 2012 کو ایک خودکش حملے کے دوران شہید ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :