11 جولائی ، 2018
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پارٹی کی انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ہارون بلور کی شہادت پر کہا کہ پہلے باپ گیا پھر بیٹا شہید ہوگیا، بلور فیملی کو اس لیے ہدف بنایا جا رہا ہے کیونکہ جب تک یہ ہیں پشاور پرکوئی قبضہ نہیں جماسکتا۔
اے این پی کے سربراہ نے انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پر امن طریقے سے تین دن سوگ منائیں گے اور اس دوان کوئی جلسہ جلوس نہیں ہوگا، تین دن بعد پارٹی انتخابی عمل معمول کےمطابق شروع کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امپائر وہ نہیں رہا، یہ امپائر نہیں دہشتگرد ہیں، یہ لوگ جو بھی کرتے ہیں لیکن ہم نے میدان نہیں چھوڑنا، ہم نے الیکشن لڑنا ہے اور انشاءاللہ جیتنا ہے۔
اسفند یار ولی نے کہا کہ ہر داڑھی والے کو نہیں پکڑ سکتے، ہر داڑھی والے کو طالبان کہنا زیادتی ہوگی، ان میں ہمت ہے تو سیدھی طرح میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں، پیٹھ پر وار نہ کریں۔
واضح رہےکہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔