سونالی بیندرے کینسر کو شکست دینے کیلئے تیار، نیا ہیئر اسٹائل اپنا لیا

سونالی بیندرے نے کینسر کے علاج کیلئے بال کٹوالیے—.فوٹو/ بشکریہ انسٹاگرام

کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بالی وڈ اداکارہ سونالی بیندرے نے اپنے بال کٹوالیے، جس کی تصویر انہوں نے مداحوں سے شیئر کیں۔

اداکارہ اس وقت نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ امید اور ہمت کے ساتھ اپنا علاج کروا رہی ہیں۔واضح رہے کہ سونالی بیندرے نے رواں ماہ کے آغاز میں سوشل میڈیا پر اپنی بیماری کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

اور اب انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے بال کٹواتے وقت کی ویڈیو اور نئے شارٹ ہیئر اسٹائل کی تصویر شیئر کی اور یہ پیغام دیا کہ وہ اس مرض کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔

اداکارہ نے لکھا، 'ان چند دنوں میں جتنی محبت میں نے سمیٹی ہے وہ بہت زیادہ ہے'۔

انہوں نے لکھا، 'میں ان لوگوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے اپنی یا اپنے پیاروں کی کینسر کو شکست دینے کی کہانیاں بتائیں، ان تمام کہانیوں نے میری ہمت اور طاقت میں بہت اضافہ کیا ہے اور مجھے یہ بتایا کہ میں تنہا نہیں ہوں'۔


انہوں نے لکھا کہ ہر نیا دن اپنے ساتھ نئے چیلنجز اور کامیابیاں لاتا ہے جس کے لیے میں اب تیار ہوں، میں صرف کوشش کر رہی ہوں تاکہ مثبت نتائج برقرار رکھوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ 'سب کے ساتھ اس سفر کو شیئر کرنا اس علاج کا حصہ ہے، میں صرف امید کرسکتی ہوں، یاد دلا سکتی ہوں کہ سب ختم نہیں ہوتا، کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی آپ کو سمجھتا ہے کہ آپ پر کیا گزر رہی ہے'۔

واضح رہے کہ سونالی بیندرے بالی وڈ کی 90 کی دہائی کی نامور اداکارہ ہیں جنہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جن میں فلم ’سرفروش‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’ڈپلیکیٹ‘ اور ’دل جلے‘ شامل ہیں۔


مزید خبریں :