جھوٹی معلومات کیسے پہچانیں؟ واٹس ایپ کی ہدایات

واٹس ایپ پر مختلف اخبارات میں شائع ہونے والا اشتہار — فوٹو: فائل

مقبول میسیجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ نے پاکستان میں انتخابات 2018 سے قبل غلط معلومات کے ادراک کے لیے خصوصی ہدایت جاری کیں۔

واٹس ایپ نے ایک اخباری اشتہار کے ذریعے جاری کردہ ہدایات میں کہا ہے کہ صارفین کو سمجھداری سے پیغامات کا جائزہ لینا ہو گا کہ آیا وہ درست ہیں یا افواہیں یا وہ پھر مکمل طور پر غلط ہیں۔

واٹس ایپ نے اشتہار میں بڑے حروف میں یہ تحریر کیا ہے کہ ’ہم مل کر جھوٹی معلومات کے خلاف لڑ سکتے ہیں‘۔ 

واٹس ایپ نے غلط یا جھوٹی معلومات کی پہچان کے حوالے سے صارفین کو کچھ ٹپس فراہم کی ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں:

1۔ فارورڈ میسج کی پہچان:

واٹس ایپ پر رواں ہفتے سے ایک نیا فیچر متعارف کیا گیا ہے جس کے ذریعے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ موصول شدہ پیغام فارورڈ میسج ہے یا کسی نے خود لکھا ہے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ صارفین فارورڈ میسجز میں بیان کی گئی معلومات کی تصدیق کریں۔

2۔ خوف پھیلانے والے پیغامات پر سوال اٹھائیں:

واٹس ایپ پر اکثر ایسے پیغامات گردش کرتے ہیں جن سےصارفین غصہ، خوف یا تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ کو لگے کہ یہ پیغامات ایسا ہی کرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں تو انہیں فارورڈ کرنے سے پہلے دو مرتبہ ضرور سوچیں۔

3۔ ناقابل یقین معلومات کی تحقیق کریں:

وہ اسٹوریز جن پر یقین کرنا مشکل ہو اکثر جھوٹی ہوتی ہیں تو کوشش کی جائے کہ ان کی کسی اور جگہ سے تصدیق کی جائے۔

4۔ مختلف نظر آنے والے پیغامات کی تصدیق کریں:

واٹس ایپ پر متعدد پیغامات میں جھوٹی خبریں موصول ہوتی ہیں جن کی نشانی اسپیلنگ کی غلطیاں اور حقیقی خبر سے مختلف انداز ہے ایسا محسوس ہونے کی صورت میں درست معلومات کے لیے تحقیق کریں۔

5۔ میسجز میں مصول ہونے والی تصاویر کی تصدیق کریں:

واٹس ایپ میسجز اور ویڈیوز پر بھروسہ کرنا آسان ہوتا ہے لیکن یاد رکھیے یہ بھی ایڈیٹنگ کا شکار ہوسکتی ہیں، کبھی تصویر حقیقی ہوتی ہے لیکن اس میں بیان کی گئی کہانی جھوٹی ہوتی ہے ایسی صورت میں ان تصاویر کو آن لائن ضرور دیکھیں اور ان کی تصدیق کریں۔

6۔ لنکس کی تصدیق کیجیے:

میسجز میں موصول ہوئے ویب سائٹ لنکس بظاہر تو جانے پہچانے لگتے ہیں لیکن اگر ان میں اسپیلنگ کی غلطی یا عجیب و غریب حروف نظر آئیں تو ان کی تصدیق کیجیے۔ یہ چیزیں اکثر غلط معلومات کی نشانی ہوتی ہیں۔

7۔ خبروں کی مختلف ذرائع سے تصدیق کریں:

ایسی کوئی بھی خبر ویب لنک یا ایپ سے موصول ہوتی ہے تو اس کی دیگر ذرائع سے ضرور تصدیق کیجیے۔ اگر یہی خبر دیگر ویب سائٹس پر موجود ہوتو اس کے  درست ہونے کے امکان زیادہ ہوتے ہیں۔

8۔ پیغام کو سوچ سمجھ کر شیئر کریں:

اگر آپ کسی پیغام کے بارے میں یہ وثوق سے نہیں کہ سکتے کہ آیا وہ پیغام غلط ہے یا صحیح تو ایسی صورت میں میسج کو فارورڈ کرنے سے پہلے ضرور سوچیں۔

9۔ پرائیوسی لگائی جا سکتی ہے:

واٹس ایپ میں کسی بھی خدشے کی صورت میں نمبر بلاک اور گروپ چھوڑا جا سکتا ہے جو ایپ کی پرائیوسی کے فیچرز ہیں۔

10۔ جھوٹی خبریں اور مواد زیادہ وائرل ہوتا ہے:

اس بات کا خاص خیال رکھیں کے ایک سے زائد مرتبہ موصول ہونے والا پیغام ضروری نہیں کہ حقیقت ہو اس لیے ہر صورت میں پیغام کی تصدیق کرنا لازم ہے۔


مزید خبریں :