Time 20 جولائی ، 2018
کھیل

پاکستان بمقابلہ زمبابوے، گرین شرٹس نے بڑے بڑے ریکارڈز توڑ ڈالے

بشکریہ کرکٹ زمبابوے.

اوپننگ بلے باز فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بناکر فخر پاکستان بن گئے تاہم اسی اننگز میں گرین شرٹس کی جانب سے دیگر کئی ریکارڈز توڑے گئے۔

فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کو 304 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ کسی ٹیم نے پہلی وکٹ پر 300 یا اس سے زائد رنز کا آغاز فراہم کیا ہو۔ دونوں بلے بازوں نے سری لنکا کے سنتھ جیاسوریا اور اپل تھرنگا کا 2006 میں بننے والا 286 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

304 رنز کی شراکت قائم کرکے دونوں بلے بازوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت کا انضمام الحق اور عامر سہیل کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے 1994 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں یہ چوتھی سب سے بڑی پارٹنرشپ تھی جو صرف کرس گیل-سیموئل (372)، ٹنڈولکر-ڈراوڈ (331) اور گنگولی-ڈراوڈ (318) سے پیچھے ہے۔

399 رنز کا مجموعہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2010 میں بنگلہ دیش کے خلاف گرین شرٹس 385 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

فخر زمان پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے جبکہ مجموعی طور پر چھٹے بلے باز بن گئے۔ ان کے علاوہ ورندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر، روہت شرما، مارٹن گپٹل اور کرس گیل 200 کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :