روس کا کازان اسٹیڈیم جرمنی، ارجنٹائن اور برازیل کیلئے خطرناک ثابت ہوا

تینوں ٹیمیں فٹ بال ورلڈ کپ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں

فرانس دوسری بار دنیائے فٹبال کا حکمران بن گیا جبکہ کروشیا نےفیصلہ کن معرکے میں شکست کے باوجود شائقین کا دل جیت لیالیکن دفاعی چیمپئن جرمنی پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئی، جنوبی کوریا نے ایسا اپ سیٹ کیا کہ کہیں کا نہ چھوڑا۔

ارجنٹائن ٹیم کی پرفارمنس ابتداء ہی سےخراب تھی البتہ برازیل کی کارکردگی ان دونوں ٹیموں کے مقابلے میں بہتر تھی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ جرمنی، ارجنٹائن اور برازیل کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام ہوئیں۔

اتفاق کی بات ہے کہ جرمنی، ارجنٹائن اور برازیل کو روس کے شہر کازان کے کازان ایرانا اسٹیڈیم میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2013 میں تیار ہونے والے اسٹیڈیم میں 45 ہزار سے زائد شائقین کی بیٹھنے کی جگہ موجود ہے۔

اس گراؤنڈ میں 2018 ورلڈ کپ کےچھ میچز کھیلے گئےجس میں ٹاپ تھری ٹیموں کیلئے یہ اسٹیڈیم خطرناک ثابت ہوا جبکہ عالمی چیمپئن فرانس کو اس اسٹیڈیم کے دونوں میچز (آسٹریلیا اور ارجنٹائن) میں کامیابی ملی۔

جرمنی

یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں فیفا عالمی درجہ بندی میں 57 ویں پوزیشن والی ٹیم جنوبی کوریا نے عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن جرمنی کو 2018 ورلڈ کپ گروپ میچ میں 0-2 سے اپ سیٹ کیا۔1930 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جس میں جرمنی پہلےہی راؤنڈ سے باہر ہوا۔

جرمن منیجر جوکھیم لیوف نے ورلڈکپ کےلیے بیسٹ الیون کا انتخاب کرتے ہوئے سینئرز پر زیادہ بھروسہ کیا لیکن کچھ سینئر کھلاڑی مڈفیلڈر سمیع خدیرا، ڈیفینڈر جرومے بوٹینگ اور فاروڈر تھامس مولر نے ان کو بہت مایوس کیا۔ ایک موقع پر ایسالگ رہا تھا کہ بیسٹ الیون کے کچھ کھلاڑی کھیلنا بھول گئے ہیں۔

خیال رہے کہ جرمنی کو ورلڈ کپ سے قبل فرینڈلی میچز میں مسلسل پانچ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جرمن منیجر کا فرینڈلی میچز میں’’پلان اے‘‘ بری طرح ناکام ہوا لیکن انہوں نے پلان ’’بی‘‘ کے بارے میں غور ہی نہیں کیا اور ٹیم کی کمزوریوں اور ناکامیوں کو نظر انداز کرتے رہے۔

ان کا خیال تھا کہ 2018ورلڈ کپ میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ ان کی یہ لاپرواہی میگا ایونٹ میں ٹیم کو لے ڈوبی۔ جرمن ٹیم کی اعزاز کے دفاع میں ناکام ہونے کے باوجود فٹبال ایسوسی ایشن نےجوکھیم لیوف کو ٹیم کا منیجر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارجنٹائن

اسی اسٹیڈیم میں ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان پری کوارٹر فائنل فرانس کھیلا گیا ااور فرانس نےاعصاب شکن مقابلے میں ارجنٹائن کو 3-4 سے ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ سے آؤٹ کیا۔

ارجنٹائن ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے سے شاید ہی کسی کو حیرانی ہوئی ہو کیونکہ میسی کی ٹیم ارجنٹائن 2018 ورلڈ کپ کوالیفائی نہ کرنے سے بال بال بچی تھی۔ ورلڈ کپ کوالیفائینگ راؤنڈ کے آخری میچ میں میسی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ارجنٹائن کو ایکواڈور کے خلاف کامیابی حاصل کرکے روس میں کھیلنے کا پروانہ ملا تھا۔

اسی طرح روس میں میگا ایونٹ میں پہلے میں آئس لینڈ کے خلاف میچ برابر اور کروشیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹائن کی پوزیشن بہت خراب ہوچکی تھی لیکن نائیجریا کی آئس لینڈ کےخلاف کامیابی کے بعد ارجنٹائن کے پری کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوئے اور نائیجریا کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ ارجنٹائن کی میگا ایونٹ میں واحد کامیابی تھی۔

پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ فرانس سے ہوا لیکن ارجنٹائن کی ٹیم فرانس کی مقابلے کی ٹیم نہیں تھی۔فرانس نے ارجنٹائن کو 3-4 سے شکست سے دوچار کرکے گھر بھیجا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ لائنل میسی دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی ہیں لیکن وہ اکیلے ٹیم کو ہر بار کامیابی سے ہمکنار نہیں کرسکتے۔

ارجنٹائن میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سنیئر کھلاڑیوں نے منیجر جارج سمپاؤلی کو کنارے لگادیا تھا اور کروشیا کے خلاف ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد سنیئر کھلاڑیوں نے تمام معاملات اپنے ہاتھوں میں لے لیے تھے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ وارم اپ میچز میں ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان میچ منسوخ ہوگیا۔ ارجنٹائن نے صرف ہیٹی کےخلاف انٹرنیشنل فرینڈلی میچ کھیلا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی پر ارجنٹائن ٹیم کو منیجر جارج سمپاؤلی کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے سمپاؤلی کو عہدے برطرف کردیا۔

برازیل

بعدازاں اسی اسٹیڈیم میں برازیل کی باری آئی اور کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے 1-2 سے 5 بار کی چیمپئن برازیل کا قصہ تمام کیا۔ برازیل، سابق چیمپئن جرمنی کے ساتھ میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیم میں سے ایک تھی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 5 بار عالمی اعزاز جیتنے والی ٹیم برازیل نے دوستانہ میچ میں جرمنی کیخلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرکے خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔ نیمار کی ٹیم برازیل نے 2018 ورلڈکپ، گروپ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گروپ ای کے پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھی۔

برزایل نے کوسٹاریکا اور سربیا کےخلاف فتوحات اور سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ ڈرا کیا۔ پری کوارٹر فائنل میں میکسکو کو 0-2 سے ہراکر ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھا جہاں بیلجیئم نے 1-2 سے برازیل کی فتوحات کو بریک لگائی۔ کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے ہاتھوں برازیل کی شکست کو اپ سیٹ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ ایڈن ہیزرڈ، کیون ڈی برون اور رومیلا لوکاکو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ میزبان روس کے بعد برازیل کی ٹیم کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم تھی۔ برازیلی منیجر ایڈنور لیونارڈوباخی یعنی ٹیٹے نے ٹیم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 2016 میں ان کو برازیل کا منیجر مقرر کیا گیا تھا ان کی سربراہی میں برازیل نے ورلڈ کپ کوالیفائینگ راؤنڈ کے مسلسل 5 میچز میں فتوحات حاصل کی تھی لیکن اب ان کو عہدے سے دستبردار ہونے کے لیے سخت دباؤ کا سامنا ہے۔