Time 22 جولائی ، 2018
پاکستان

ریحام سے شادی زندگی کی سب سےبڑی غلطی تھی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابقہ اہلیہ اور اینکرپرسن ریحام خان سے شادی کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے ریحام کے بارے میں کچھ نہیں کہا، زندگی میں کئی غلطیاں کیں، ریحام سے شادی سب سے بڑی غلطی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے بشریٰ بی بی کا چہرہ تک نہیں دیکھا تھا، ان کو دیکھے بغیر ہی رشتہ بھیجا، صرف ایک پرانی تصویر دیکھ رکھی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب بھی ملاقات ہوئی بشریٰ بی بی کے چہرے پرنقاب ہوتا تھا، شادی کے بعد جب ان کو دیکھا تو مایوسی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ خوش اور مطمئن ہیں اور ان کی ذہانت اور کردار کی بہت عزت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوفیانہ طرزعمل میں بشریٰ بی بی کو دوسروں سے بلند پایا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کی تصدیق کی تھی تاہم اس حوالے چہ مگوئیاں اکتوبر 2014 سے ہی جاری تھیں۔

تاہم چند ماہ بعد ہی اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں اور بالآخر 30 اکتوبر 2015 میں عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دینے کی تصدیق کردی۔

رواں ماہ کے آغاز میں ریحام خان نے معروف ویب سائٹ ایمیزون پر اپنی 563 صفحات پر مشتمل کتاب ریلیز کی جس کا نام ’ریحام خان‘ ہے اور اس میں مصنفہ نے اپنی زندگی کے اہم واقعات کی تفصیلات درج کی ہیں۔

اس کتاب کی ریلیز قبل ہی یہ مبینہ طور پر لیک ہوگئی تھی جس کے مواد میں ان کے سابق شوہر عمران خان اور دیگر شخصیات کے حوالے سے درج معلومات کی وجہ سے پاکستانی سیاست اور انٹرنیٹ پر ایک طوفان برپا ہوا۔

ایمیزون ویب سائٹ پر کتاب کے حوالے لکھا گیا ہے کہ اس میں سماج اور سیاست سے جڑے حساس معاملات کو بیان کیا گیا ہے اور اس کی مصنف کو کتاب کی وجہ سے دھمکیوں، ہراسگی اور زندگی کو خطرے جیسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حمزہ علی عباسی اور گلوکار سلمان احمد کی جانب سے ریحام خان پر مذکورہ کتاب کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈ لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

جب کہ برطانیہ میں بھی ایک لاء فرم کے ذریعے عمران خان کے قریبی دوست ذوالفقار بخاری عرف ذلفی بخاری، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، ریحام خان کے سابق شوہر اعجاز رحمان اور ایک برطانوی نژاد پاکستانی خاتون نے بھی ریحام خان کو نوٹسز بجھوائے گئے۔

مزید خبریں :