27 جولائی ، 2018
پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹیلی فون پر ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور انہیں حکومت سازی کے لیے ساتھ چلنے کی دعوت دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں میں ٹیلیفونک رابطے کے بعد ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی ملاقات جلد متوقع ہے۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے فون کرکے ملاقات کی دعوت دی ہے لیکن تحریک انصاف سے ملاقات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ کراچی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی نمائندگی ہے لہٰذا دونوں جماعتیں مل بیٹھ کر بات کر سکتی ہیں۔
خالد مقبول کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے ہمارے دروازےکھلے ہیں اور آپ کو مینڈیٹ ملا ہے تو کراچی کے لیے کام کریں۔
تحریک انصاف ہی وفاقی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی ترجمان
دوسری جانب وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی سے رابطوں کی تردید کی ہے اور ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کے پاس مطلوبہ تعداد موجود ہے لہٰذا وفاقی حکومت کی تشکیل کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خود وفاق میں حکومت بنائے گی اور حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطے کی اطلاعات میں صداقت نہیں۔