01 اگست ، 2018
لاہور: پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ اور کابینہ کے لیے پی ٹی آئی کے نام سامنے آگئے۔
عام انتخابات میں پنجاب میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہیں اور دونوں جماعتوں کی جانب سے صوبے میں حکومت سازی کے لیے رسہ کشی جاری ہے، دونوں جماعتیں سادہ اکثریت کا دعویٰ کررہی ہیں تاہم کوئی حتمی صورتحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ کے لیے بھی تحریک انصاف میں لابنگ جاری ہے اور اب صوبے کے سربراہ کے لیے پی ٹی آئی کے نام سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی وزیراعلیٰ پنجاب کی لسٹ میں یاسر ہمایوں اور میاں اسلم اقبال کے نام شامل ہیں جب کہ نیب نوٹسز کے باعث وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار تصور کیے جانے والے علیم خان کے اس منصب پر بیٹھنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہ محمود قریشی کا نام بھی وزارت اعلیٰ کے لیے تاحال فائنل نہیں ہوسکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے لیے بھی کئی نام سامنے آئے ہیں جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیر صحت اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سبطین خان، راجہ بشارت، میاں وارث اور مخدوم ہاشم جواں بخت بھی وزرا کی دوڑ میں شامل ہیں۔