29 جولائی ، 2012
لندن…لندن اولمپکس 2012 شروع ہوتے ہی چین نے اپنی برتری ثابت کردی۔ چین چار گولڈ کے ساتھ پہلے، اٹلی 2 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ امریکا نے ایک گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔میگا ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل چین کی شوٹر یی سیلنگ نے اپنے نام کیا جبکہ پاکستانی پیراک انعم بانڈے کا سفر پہلے ہی ہیٹ میں ختم ہوگیا۔ سوئمنگ ایونٹ میں بھی کئی غیر متوقع نتائج سامنے آئے۔ مینز 60کے جی جوڈو میں روس کے آرسن گیلسٹیان، 48کے جی خواتین ایونٹ میں برازیل کی سارہ مینیز، مینز 10میٹر ایئر پسٹل میں جنوبی کوریا کے جونگ جن اور روڈ سائیکل میں قازقستان کے ایلگژینڈر وینوکروف نے سونے کا تمغہ جیتا۔انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کرتے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔400میٹر انفرادی میڈلے میں امریکا کے ریان لوشے نے ہم وطن پیراک اور فیورٹ مائیکل فلپس کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ برازیل کے تھیاگو پریرا نے سلور اور جاپان کے کوسوکے ہیگینو نے برانز میڈل جیتا، مائیکل فلپس چوتھی پوزیشن پر رہے۔ مینز 400میٹر فری اسٹائل میں چین کے سن ینگ نے گولڈ میڈل جیتا۔ ٹینس ڈبلز ایونٹ میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور رشمی چکرورتی بھی پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئیں اور اولمپکس سے باہر ہوگئیں۔ ہوم فیورٹ اینڈی مرے اور ان کے بھائی جیمی مرے بھی پہلے راؤنڈ میں شکست کھا گئے۔تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر ایک چین کی نوجوان شوٹر یی سیلنگ نے 10 میٹر ویمنز ایئر رائفل شوٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، پولینڈ کی سلویہ بوجیکا نے چاندی اور چین ہی کی یو ڈین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، بیجنگ اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ کترینہ ایمونس چوتھے نمبر پر رہیں۔ اولمپکس مقابلوں پہلے دن پاکستان کی پیراک انعم بانڈے نے 400 میٹر انفرادی میڈلے میں حصہ لیا اور وہ کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک 35 تیراکوں میں آخری نمبر پر رہیں۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 5 منٹ 34.64 سیکنڈ میں طے کیا اور وہ ہیٹ میں چوتھے اور آخری نمبر پر آئیں۔انعم بانڈے چار سو میٹر میڈل مقابلوں کے ابتدائی راوٴنڈ میں یہ فاصلہ پانچ منٹ سے زیادہ وقت میں طے کرنے والی واحد تیراک تھیں۔ وہ مجموعی طور پر کوالیفائنگ مقابلوں کی فاتح امریکی تیراک بیزل الزبتھ سے ایک منٹ دو سیکنڈ پیچھے رہیں۔ لیکن انہوں نے چار سو میٹر کا فاصلہ پانچ منٹ چونتیس اعشاریہ چھ چار میں طے کرکے تین سیکنڈزکی برتری سے اپنا قومی ریکارڈ ضرور بہتر بنا لیا۔10 میٹرز ایئر رائفل شوٹنگ میں ملائیشیا کی حاملہ شوٹر نور سوریانی محمد طیبی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں۔29 سالہ نور سوریانی جو33 ہفتے کی حاملہ ہیں، ان کی مقابلے میں شریک 56 شوٹرز میں34 ویں پوزیشن رہی جب کہ روئنگ میں برطانوی خواتین ہیلن گلوور اور ہیڈر اسٹیننگ نے فاصلہ6 منٹ57.29 سیکنڈ میں طے کرکے اس مقابلے میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ مردوں کے روئنگ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ایرک مرے اور ہمیش بانڈ نے سر میتھیو پنیسٹ اور جیمزکریک نیل کا دس سال قبل قائم کردہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ اولمپک چیمپئن پارک تائی ہوان کو ریس کا غلط آغاز کرنے پر ڈس کوالیفائی قرار دیا گیا جب کہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پال بائیڈرمین فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ جنوبی کوریا کے پارک نے 400میٹر میں فری اسٹائل کی پہلی ہیٹ جیت لی تھی لیکن ریفری نے انہیں نااہل قرار دے دیا، جنوبی کوریا نے ریفری کے فیصلے کو عالمی گورننگ باڈی میں چیلنج کردیا ہے۔ملکہ الزبتھ سوئمنگ مقابلے دیکھنے کے لیے ایکواٹکس سینٹر میں موجود تھیں۔ ادھر بھارت کی مینز آرچری ٹیم جاپان سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ لارڈزکرکٹ گراؤنڈ میں تیراندازی مقابلوں کے پری کوارٹرفائنل میچ میں جاپان نے بھارت کو 29-27 سے شکست دے کرکوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی۔ چین نے وویمنز والی بال ایونٹ میں سربیا کو اپ سیٹ شکست دے کر باہرکردیا۔ چینی ٹیم نے 3-1سے کامیابی حاصل کی۔ وویمنز باسکٹ بال ایونٹ کا آغاز بھی اپ سیٹ کے ساتھ ہوا جب چین نے جمہوریہ چیک کو 66-57 سے شکست دے دی۔ تیر اندازی کے مینز ٹیم ایونٹ میں اٹلی نے امریکا کو فائنل میں شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ ٹینس ایونٹ میں ٹاپ سیڈ روجر فیڈرر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ چین کی لی نا پہلے راؤنڈ میں ہار کر باہر ہرگئیں۔ پہلی بار اولمپکس میں شرکت کرنے والی کم کلسٹر اور اینا آئنووچ بھی کامیاب رہیں۔ ویمنز فٹبال میں برازیل نے نیوزی لینڈ کو کینیڈا نے جنوبی افریقا کو زیر کیا، ورلڈ چیمپئن جاپان اور سوئیڈن کا میچ برابر رہا۔خواتین ویٹ لفٹنگ میں ایونٹ کے 48کے جی میں چین کی 26سالہ منگ جوان وینگ نے طلائی تمغہ جیتا۔ انہیں ایتھنز اور بیجنگ گیمز میں چینی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس ایونٹ میں جاپان کی ہیرومی میاکی نے سلور اور شمالی کوریا کی ریانگ چن ہاؤ نے برانز میڈل جیتا۔