موٹرولا کا نیا اسمارٹ فون، آئی فون ایکس کی نقل

اس فون کی ڈسپلے اسکرین 6.2 انچ ہے—.فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا 

موٹرولا کا نیا اسمارٹ فون پی 30 آئی فون ایکس کی نقل نکلا جس پر کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک ریومرز کے مطابق موٹرولا کا نیا اسمارٹ فون ماڈل پی 30 گذشتہ ہفتے سے تنقید کا نشانہ ہے، جس کی بنیادی وجہ آئی فون ایکس فلیگ شپ ڈیزائن کو نقل کرنا ہے۔

اس فون کی ڈسپلے اسکرین 6.2 انچ ہے، جس کے چاروں اطراف سے بڑی اسکرین ڈیزائن کی گئی ہے جیسے کہ آئی فون ایکس کی ہے، فرق صرف یہ ہے کہ آئی فون ایکس کی اگلی اسکرین پر کچھ واضح نہیں لیکن موٹرولا پی 30 کی ڈسپلے اسکرین کے نچلے حصے پر ایک چھوٹا بیذل ہے یعنی موٹرولا چھپا ہوا ہے۔

اس کا پیچھے والا حصہ بھی آئی فون ایکس فلیگ شپ فون جیسا ہے جبکہ کیمرے کا ڈیزائن بھی ہو بہو آئی فون جیسا ہے، صرف ایپل لوگو کے بجائے موٹرولا کا نشان موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق موٹرولا پی 30 میں ہواوے اسمارٹ فون کی بھی نقل کی گئی ہے یعنی اس کی رنگین دھاتی باڈی ہو بہو ہواوے پی 20 کی کاپی ہے۔

موٹورولا پی 30 فی الحال چین میں متعارف کیا گیا ہے جس کا مقصد اُن لوگوں کو آئی فون ایکس جیسا اسمارٹ فون فراہم کرنا ہے جو اسے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، یہی وجہ ہے کہ اس فون کی قیمت آئی فون ایکس کی نسبت کم رکھی گئی ہے۔

موٹرولا پی 30 میں 636 چپ سمیت 6 جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج اور 3000 ایم اے ایچ بیٹری مہیا کی گئی ہے جب کہ فرنٹ کیمرہ میں 12 میگا پکسل اور بیک کیمرہ 16 میگا پکسل رکھا گیا ہے، تاہم notch اسٹائل کی کاپی کرنے کے باوجود بھی اس میں فرنٹ فیشل ریکگنیشن فیچر موجود نہیں ہے۔ 

موٹورولا پی 30 پر ٹوئٹر پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا، ’موٹرولا کو سچ میں اس بیوقوفی پر شرم آنی چاہیے کیوں ایک اچھے فون کو 100 فیصد آئی فون کا ڈیزائن دے کر برباد کردیا‘۔











ایک اور صارف نے لکھا، 'آئی فون ایکس، ہواوے پی 20 اور اینڈرائیڈ او ایس کو اگر ملایا جائے تو پھر نتیجہ نکلتا ہے موٹو پی 30'۔





دوسری جانب موٹرولا کی مالک کمپنی لینووو نے تاحال اس تنقید پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔

مزید خبریں :