18 اگست ، 2018
نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات 2018 میں اپنی پارٹی کی کامیابی کی صورت میں حکومت کے پہلے 100 دن کے ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیم، صحت، مکان، انصاف اور روزگار ایجنڈے پر سرفہرست ہوں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 100 روزہ پلان کا مقصد پالیسیوں کو تبدیل کرنا ہے اور ہماری حکومت کے ابتدائی 100 دن اس بات کی عکاسی کریں گے کہ پارٹی کس راستے پر گامزن ہے۔
اس پلان میں سب سے اہم نکتہ مملکت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا اور ملک میں مدینے کی ریاست کے نظریئے کا رائج کرنا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہم 2013 میں حکومت میں آ جاتے تو شاید اس قدر تیار نہ ہوتے، جس طرح اب ہیں، ہمارے پاس اب حکومت چلانے کا 5 سال کا تجربہ ہے اور ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے'۔
اب جب کہ تحریک انصاف ملک کی حکمران جماعت اور عمران خان پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں، یہاں ان کی جانب سے دیئے گئے 100 روزہ ایجنڈے کے کچھ اہم نکات دیئے جارہے ہیں۔
دو روز قبل عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے ایک اہم اجلاس کے دوران پارٹی نے آئندہ 100 دنوں کے لیے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی تھی۔
اب قوم کو امید ہے کہ عمران خان نے جس تبدیلی کا وعدہ کر رکھا ہے، وہ آئندہ 100 روز میں کسی نہ کسی شکل میں ضرور نظر آئے گی۔