Time 20 اگست ، 2018
پاکستان

وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا جب کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔

حلف لینے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شیخ رشید، زبیدہ جلال، فواد چوہدری، غلام سرور خان ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، شفقت محمود، عامر کیانی، مولانا نور الحق قادری اور خسرو بختیار شامل تھے۔

حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔

وفاقی وزرا کے قلمدان

کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل وزرا کے قلمدانوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق فروغ نسیم وزارت قانون و انصاف، اسد عمر وزیر خزانہ، پرویز خٹک وزیر دفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ ، شیخ رشید احمد وزیر ریلوے ، فواد چوہدری وزیر اطلاعات اور غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر ہیں۔

اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، خسرو بختیار کو پلاننگ اینڈ ریفارمز اور عامر محمود کیانی کو نیشنل ہیلتھ سروسز کا قلمدان دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن کا کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

مشیروں میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی، اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔

مزید خبریں :