چیئرمین پی سی بی کا معاملہ، عمران خان بورڈ قوانین سے لاعلم؟

عمران خان نے پہلے ٹوئٹر پر احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی مقرر کرنے کا اعلان کیا، ایک گھنٹے بعد کہا احسان مانی کو الیکشن لڑ کر چیئرمین بننا ہوگا— فوٹو: فائل

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی کے سابق صدر اور مشہور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نامزد کیا ہے۔

احسان مانی نے جیو نیوز کو بتایا کہ میرا اورعمران خان کا وژن ایک ہے میں نے کیا کرنا ہے اس بارے میں بعد میں بات کروں گا لیکن پاکستان کرکٹ کو بلندیوں پر لے کر جاؤں گا۔

احسان مانی کو چیئرمین بننے کے لیے پی سی بی بورڈ آف گورنرز سے ایک تہائی اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان پی سی بی قوانین سے لاعلم تھے انہوں نے نجم سیٹھی کے مستعفی ہوتے ہی سوشل میڈیا پر احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

تاہم ایک گھنٹے بعد انہیں جب قانون کا علم ہوا تو انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ 'ہم چیئرمین پی سی بی کے لیے آئینی طریقہ کار کے مطابق چلیں گے، میں احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کروں گا، احسان مانی کو الیکشن لڑ کر چیئرمین بننا ہوگا'۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر چار ہفتے میں نجم سیٹھی کی جگہ نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے الیکشن کرائیں گے۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ 'میں نے احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا ہے، وہ اپنے ساتھ وسیع اور قیمتی تجربہ لائیں گے، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ تین سال تک آئی سی سی میں خزانچی رہے اور پھر 3سال تک آئی سی سی کی سربراہی کی'۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی جگہ احسان مانی بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت ملک کا وزیراعظم بورڈ کا پیٹرن انچیف ہوتا ہے اور پی سی بی کے آئین مطابق وزیراعظم اپنے دو نمائندے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کرسکتا ہے جس کے بعد بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان بورڈ کے نئے چئیرمین کا باضابطہ طور پر انتخاب کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا بورڈ آف گونرز اس وقت 10 نمائندوں پر مشتمل ہے جن میں 4 اداروں کے اور 4 ریجنز کے نمائندے ہیں جبکہ 2 نمائندے حکومت کے ہوتے ہیں جن کے نام وزیراعظم کی طرف سے دیے جاتے ہیں جن میں سے ایک چیئرمین منتخب ہوتا ہے۔

احسان مانی کون ہیں؟

73 سالہ احسان مانی بین الاقوامی کرکٹ کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ وہ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں جنہوں نے کافی عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

احسان مانی— فائل فوٹو

وہ 1996 میں آئی سی سی کی فنانس اور مارکیٹنگ کمیٹی کے چیئرمین بنے۔ 2002ء میں وہ آئی سی سی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے نائب صدر بنے۔ وہ جون 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے صدر بنے اور 3 سال تک یہ ذمہ داری نبھائی۔

احسان مانی نے 4 سال پہلے آئی سی سی میں بننے والے بگ تھری کی سخت مخالفت کی تھی اور اسے تین ملکوں کے کرکٹ بورڈ کی اجارہ داری سے تعبیر کیا تھا۔

احسان مانی اور عمران خان کی دوستی کافی پرانی ہے، احسان مانی شوکت خانم کینسر ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں اور وہ ان دنوں خیبر پختونخوا میں گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے گلیات میں شجرکاری اور سیاحت کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

نجم سیٹھی کے کریڈٹ پر سب سے اہم بات پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہے تاہم ان کے مخالفین ان پر ہمیشہ سے یہ اعتراض کرتے آئے ہیں کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا مکمل آڈٹ کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ نجم سیٹھی پر بورڈ کے سوشل میڈیا اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں نئی تقرریوں اور اپنی پسند کے لوگوں کو نوازنے کے الزامات بھی ان کے مخالفین کی طرف سے سامنے آتے رہے ہیں۔

مزید خبریں :