22 اگست ، 2018
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی نامزد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ملاقات ہوئی جس کے دوران کرکٹ بورڈ کے معاملات پربات ہوئی۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ عمران خان نے احسان مانی کو پاکستانی کرکٹ میں بہتری کیلئے اپنے پلان سے آگاہ کیا۔
عمران خان نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی سی بی کے تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور بورڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائے۔
احسان مانی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں کرکٹ کے امور زیر بحث آئے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بننے کے لیے مجھے الیکشن لڑنا ہوگا، امید ہے کہ گورننگ بورڈ کے ارکان میرے حق میں ووٹ دیں گے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین منتخب ہوا تو عمران خان اور پاکستانی عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔
خیال رہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے بطور پی سی بی چیئرمین استعفے کے بعد پیر کو عمران خان نے احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں دو براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کا پیٹرن مقرر کرتا ہے جبکہ دیگر 8 ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔
پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا عہدہ خالی ہونے کے چار ہفتوں کے اندر انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔