Time 23 اگست ، 2018
پاکستان

پاکستان نے وزیراعظم اور پومپیو کی گفتگو سے متعلق امریکی بیان مسترد کردیا


اسلام آباد: پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔





ترجمان نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب جاری یہ بیان حقائق کے برعکس ہے اور اس کی فی الفور تصحیح کی جائے۔

یاد رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دورہ بھارت سے قبل 5 ستمبر کو پاکستان آئیں گے جہاں ان کی ممکنہ طور پر وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

مزید خبریں :