Time 25 اگست ، 2018
پاکستان

منی لانڈرنگ کیس: انور مجید اور اے جی مجید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کی: فوٹو/ فائل

کراچی: مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور بیٹے عبدالغنی مجید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کے ایک ملزم عبدالغنی مجید کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کورات بھرجاگا کرتفتیش کی جاتی ہے، ملزم کاطبی معائنہ کرایا جائے، ملزم عبدالغنی مجید کو برین ہیمرج کا خطرہ ہوگیا ہے۔

ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ عبدالغنی مجید کو انٹرنل بلڈنگ ہورہی ہے ان کے طبی معائنے کا حکم دیا جائے جب کہ انور مجید کو عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیں وہ اسپتال میں ہیں۔

اس موقع پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے تفتیش ابھی نامکمل ہے لہٰذا ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے انور مجید اور عبدالغنی مجید کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کردی جب کہ عدالت نے ملزم عبدالغنی مجید کا طبی معائنہ کراکے رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیاہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے اے جی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے نے اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو چوتھی بار تحقیقات کے لیے بھی طلب کرلیا ہے۔


مزید خبریں :