Time 26 اگست ، 2018
پاکستان

شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان اور راجا ظفرالحق اپوزیشن لیڈر مقرر


اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان جب کہ مسلم لیگ (ن) کے راجا ظفرالحق قائد حزب اختلاف مقرر ہوگئے۔

سینیٹ میں قائد ایوان و حزب اختلاف کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد تحریک انصاف کا کوئی سینیٹر پہلی مرتبہ قائد ایوان ہوگا۔

تحریک انصاف کے نامزد شبلی فراز قائد ایوان اور اس سے قبل قائد ایوان رہنے والے مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر راجا ظفرالحق قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن لیڈر شیریں رحمان کو عہدے سے ہٹا دیا جب کہ اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سینیٹر شبلی فراز کو بطور قائد ایوان سینیٹ نامزد کیا تھا۔

سینیٹر شبلی فراز کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور وہ معروف شاعر احمد فراز مرحوم کے صاحبزادے ہیں، شبلی فراز مارچ 2015 میں جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :