27 اگست ، 2018
اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے رویے کے سبب چھٹی مانگنے والے افسر حنیف گل کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔
حنیف گل کی جگہ آغا وسیم کو چیف کمرشل منیجر ریلوے تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حنیف گل کی چھٹی اب تک منظور نہیں ہوئی، ان کو چھٹی ملے گی یا نئی تعیناتی، فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے دوران ریلوے افسران کی جانب سے ریلوے کی آمدن بڑھانے سے متعلق تجاویز پر شیخ رشید نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ رضیہ بٹ کے ناول نہ سنائیں۔
چیف کمرشل منیجر ریلوے حنیف گل نے وفاقی وزیر کا رویہ غیر مہذب اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے دو سال کی رخصت طلب کی تھی۔
اس سے قبل ریلوے کے چیئرمین جاوید انور کا کہنا تھا کہ اگر انہیں حنیف گل کی جانب سے چھٹی کی درخواست ملی تو قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔
حنیف گل کا کہنا تھا کہ مجھے چھٹی کی منظوری تک کام کرنے کا حکم ملا ہے جس کی تعمیل کر رہا ہوں لہذا جیسے ہی مجاز حکام چھٹی منظور کریں گے تو رخصت پر چلا جاؤں گا۔
دوسری جانب چیئرمین ریلوے جاوید انور کا کہنا ہے کہ چھٹی لینا ہر سرکاری ملازم کا بنیادی حق ہے اور حنیف گل کی چھٹی کی درخواست ملی تو قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔