دنیا
Time 30 اگست ، 2018

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے


واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ آئندہ ہفتے پا کستان کا دورہ کریں گے اور پاکستان کی نئی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ 

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈن فورڈ آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے۔

امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اور جنرل جوزف وزیر اعظم عمران خان اور دیگر پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات میں امریکی عہدیدار صاف اور واضح طور پر یہ طے کریں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ بات چیت کا بنیادی نکتہ مشترکہ دشمنوں اوردہشت گردوں کےخلاف کارروائی ہوگا۔

ذرائع کے مطابق امریکی عہدیدار ممکنہ طور پر 5 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکا کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو بڑھاوا دینے میں پاکستان کا اہم کردارہے۔

تاہم پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا تھا۔

مزید خبریں :