30 اگست ، 2018
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے ارکان کے دورہ جی ایچ کیو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات مثبت رہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی، موجودہ حکومت کی تمام پالیسیوں پراداروں کی رائے شامل ہوگی۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان جو بھی کریں گے وہ پاکستان کے لیے ہوگا، اس بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے اور کتاب بھی ایک ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ امریکا خود الجھن کا شکار ہے کہ وہ افغانستان سے نکلنا یا موجود رہنا چاہتا ہے، امریکی وزیرخارجہ پاکستان آرہے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کتنی کلیئرسوچ کے ساتھ آرہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان دل کے بہت اچھے ہیں، فواد چوہدری
تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان دل کے بہت اچھے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی بدکلامی اور نازیبا کلمات کی ادائیگی کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور انہیں اہم عہدہ سونپنے پر تحریک انصاف پر شدید تنقید بھی کی جارہی ہے۔
تاہم جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ فیاض چوہان کو پارٹی کی طرف سے پیغام دے دیا گیا ہے، فیاض چوہان دل کے بہت اچھے ہیں، فیاض چوہان کارکردگی بھی دکھائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فیاض چوہان کی باتیں پارٹی کا مؤقف نہیں، انہیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔