02 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنماؤں کو وزارتیں دی جائیں گی۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ علی زیدی، علی امین گنڈاپور، مراد سعید اور اعظم سواتی کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
علی زیدی کو وزارت پورٹ اینڈ شپنگ جبکہ علی امین گنڈا پور کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان دیےجانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جبکہ مراد سعید کو وزیر مملکت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ابھی تک قلمدان کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جب کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا۔
کابینہ ڈویژن کے ٹونیٹیفیکیشن کے مطابق فروغ نسیم وزارت قانون و انصاف، اسد عمر وزیر خزانہ، پرویز خٹک وزیر دفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ ، شیخ رشید احمد وزیر ریلوے ، فواد چوہدری وزیر اطلاعات اور غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر ہیں۔
اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، خسرو بختیار کو پلاننگ اینڈ ریفارمز اور عامر محمود کیانی کو نیشنل ہیلتھ سروسز کا قلمدان دیا گیا ہے۔