Time 07 ستمبر ، 2018
پاکستان

پاناما ریفرنسز منتقلی کے خلاف نیب کی اپیل 11 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 11 ستمبر کو نیب کی اپیل پر سماعت کرے گا—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما ریفرنسز کی منتقلی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 11 ستمبر کو اپیل پر سماعت کرے گا۔

بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الااحسن بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نمبر ایک کی جانب سے سزا پانے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے زیر سماعت العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کودوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

نواز شریف کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے دیگر دونوں ریفرنسز کو احتساب عدالت نمبر 2 منتقل کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

تاہم چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

ایون فیلڈ ریفرنس: اپیلوں، سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل

دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی اپیلوں پر سماعت کے لیے بھی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن پیر (10 ستمبر) کو سماعت کریں گے۔

نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر بھی یہی بنچ سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 برس قید اور جرمانے، مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 برس قید اور جرمانے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

مزید خبریں :