Time 07 ستمبر ، 2018
دنیا

سدھو کا سکھوں کے مذہبی مقام 'کرتار پور صاحب' کا راستہ کھولنے پر عمران خان کا شکریہ


نئی دلی: سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے سکھوں کے مذہبی مقام 'کرتار پور صاحب' کا راستہ کھولنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سکھوں کے مذہبی مقام 'کرتار پور صاحب' کا راستہ کھولنے کے معاملے پر کانگریس  کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر وزیراعظم پاکستان ایک قدم چلے ہیں تو بھارت بھی قدم اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کے معاملے پر سیاست کرنا ٹھیک نہیں اور عمران خان کے جذبہ خیر سگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے سکھوں کے مذہبی مقام 'کرتار پور صاحب' کا راستہ کھولنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ پاکستان سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکھوں کے مذہبی مقام کرتار پور صاحب کا راستہ کھولنے کی خوشخبری سنائی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کو انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان جلد ہی سکھ یاتریوں کے لیے’کرتار سنگھ‘ بارڈر کھول دے گا، سکھ یاتریوں کے لیے سرحد کھولنے سے متعلق ایک نظام وضع کیا گیا ہے اور وہ ویزے کے بغیر گرد وارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔

مزید خبریں :