نئے آئی جی سندھ کون ہیں اور انہوں نے کہاں کہاں خدمات انجام دیں

کلیم امام پولیس سروسز آف پاکستان گروپ کے گریڈ 21 کے افسر ہیں۔ فوٹو: فائل

نئے آئی جی سندھ کلیم امام پاکستان سمیت اقوام متحدہ کے عالمی مشن میں بھی تعینات رہے اور حکومت کی جانب سے انہیں اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

پولیس سروسز آف پاکستان گروپ کے گریڈ 21 کے افسر ڈاکٹر کلیم امام کو آئی جی سندھ تعینات کر دیا گیا ہے، اس سے قبل وہ پنجاب پولیس کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

کلیم امام اسلام آباد سمیت بلوچستان، پنجاب، موٹر ویز اور اقوام متحدہ کے عالمی مشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

سندھ پولیس کے نئے سربراہ ڈاکٹر کلیم امام پولیس سروسز آف پاکستان گروپ کے 16 ویں کامنتھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

کلیم امام کا آبائی تعلق کراچی سے ہے اور انہوں نے سیاسیات اور عالمی تعلقات میں اسلام آباد سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی جبکہ اسکالرشپ پر لندن سے انسانی حقوق پر قانون کی ڈگری بھی حاصل کی۔

کلیم امام اس سے قبل کئی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، انھیں عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔

انھوں نے ایس پی سبی اور نصیر آباد کے عہدوں پر خدمات انجام دیں، ایس ایس پی کوئٹہ، راولپنڈی اور اسلام آباد تعینات رہے، ایف آئی اے امیگر یشن اسلام آباد میں خدمات انجام دی۔

وزیراعظم کے چیف سیکیورٹی افسر، ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو اور آئی جی اسلام آباد رہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی مشن پر سوڈان کے شہر ڈارفر میں پولیس کمشنر رہے۔

آئی جی نشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں۔

حکومت نے انھیں تمغہ امتیاز، قائداعظم اور صدارتی پولیس میڈل سے نوازا جبکہ ڈاکٹر کلیم امام نے اقوام متحدہ کے امن میڈلز بھی حاصل کے۔

مزید خبریں :