10 ستمبر ، 2018
بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کی رفتار بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مستقبل اور تعاون کا تعین مشاورت سے کیا جائے گا اور اس منصوبے پر مشاورت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترجیحات کے مطابق ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے جب کہ وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا مقصد روایتی دوستی کی تجدید تھا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین قومی مفادات کے مطابق دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی مدد کرتا رہےگا، دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے 'فنانشل ٹائمز' نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔
رپورٹ میں ماہرِ معاشیات اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ فی الحال تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔
دوسری جانب عبدالرزاق داؤد کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ انٹرویو میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا جس پر وہ آج شام پریس کانفرنس میں وضاحت کریں گے۔