Time 10 ستمبر ، 2018
سائنس و ٹیکنالوجی

آج کی کون کون سی خبریں جھوٹی ہیں؟

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی کوئی بھی بات بغیر تصدیق کے ایک سے دوسرے اکاؤنٹ ميں منتقل ہوتی اور پھلتی پھولتی رہتی ہے جس پر لوگ یقین بھی کرنے لگتے ہيں—فائل فوٹو۔

سوشل میڈیا پر’’فیک نیوز ‘‘ یعنی جھوٹی خبروں کی بھرمار ہے اور لوگ انہیں بغیر تصدیق نہ صرف آگے بڑھاتے ہیں بلکہ ان پر اندھا اعتبار بھی کرتے ہیں۔

جیو نیوز آپ کو آگاہ کرے گا کہ کون سی فیک نیوز سوشل میڈیا پر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے اور کن خبروں میں حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی کوئی بھی بات بغیر تصدیق کے ایک سے دوسرے اکاؤنٹ ميں منتقل ہوتی اور پھلتی پھولتی رہتی ہے جس پر لوگ یقین بھی کرنے لگتے ہيں، جیسے کہ فٹبال کلب فلہم ایف کے مالک شاہد خان سے منسوب یہ خبر گردش کرنے لگی کہ انہوں نے ڈیم فنڈ کے لیے ایک ارب ڈالرز عطیہ کا اعلان کیا۔

یہ بالکل جھوٹی خبر ہے جبکہ ان کے نام سے سوشل میڈیا پر جو اکاؤنٹ سامنے آیا ہے وہ چند دن پہلے ہی بنایا گيا ہے اور اس اکاؤنٹ کے حقیقی ہونے کی کوئی تصدیق نہیں۔

اسی طرح سوشل میڈیا پر اخبار کی طرح کا امیج بناکر ایک اور خبر پھیلائی گئی کہ پانچ ہزار روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گيا ہے، جب کہ حقیقت میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، یہ خبر بھی جھوٹی خبر ہے اور وزیر خزانہ اسد عمر اس کی کئی بار تردید کرچکے ہيں ۔

اسی طرح ٹی وی کی بریکنگ نیوز کا امیج بناکر سوشل میڈیا پر یہ جھوٹی خبر پیش کی گئی کہ عمران خان نے بنی گالہ کی 150 کنال زمین ڈیم فنڈ میں دینے کااعلان کیا ہے جبکہ یہ بھی ایک جھوٹی خبر ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام ترکئی نے غیرمصدقہ ٹویٹ پر معذرت کی ہے۔ انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ حقائق کےمنافی معلومات کی بنا پر ٹویٹ ہٹادیا ہے، جو غلطی ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں۔

گزشتہ روز شہرام ترکئی کا قائداعظم سےمتعلق ٹویٹ منظر عام پرآیاتھا جس میں قیام پاکستان کےوقت قائداعظم سے چندے کا مطالبہ منسوب کیا گیا تھا۔


مزید خبریں :