Time 11 ستمبر ، 2018
پاکستان

ڈیم فنڈ پر بھیک مانگنے کا کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے: چیف جسٹس


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہےکہ ڈیم کی تعمیر پر بھیک مانگنے کا کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

سپریم کورٹ میں متفرق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈیم کی تعمیر سے متعلق ریمارکس دیئے اور چندہ مہم پر تنقید کرنے والوں پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ بھیک مانگ رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے، اس طرح کے الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مخالفین کو کچھ نہیں ملا تو ڈیم کی تعمیر پر مخالفت شروع کردی، کم ظرف لوگ ہیں جو اس طرح کی سوچ رکھتے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ ہم نے یہ کام قومی جذبے کے تحت شروع کیا ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنا بھیک مانگنا نہیں۔

واضح رہےکہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ فنڈ قائم کیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی قوم سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے جب کہ آرمی چیف کی جانب سے بھی فنڈ میں پاک فوج کے افسران و اہلکاروں کی تنخواہوں کے مد میں رقم جمع کرائی گئی ہے۔


مزید خبریں :