پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2018

وزیراعظم کا کراچی ماسٹر پلان پر بیان 18 ویں ترمیم کی کھلی خلاف ورزی ہے، سعید غنی

عمران خان کراچی میں صفائی کی فکر کے بجائے پشاور کو کچرے سے صاف کریں، سعید غنی۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا شہر کے ماسٹر پلان پر بیان 18ویں ترمیم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ماسٹر پلان بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ہر جگہ عمارتیں ہی عمارتیں ہیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جہاں بھی خالی جگہ ہو گی وہاں درخت لگائے جائیں گے اور گرین کراچی مہم کا آغاز بھی کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے کئی دہائیوں سے پاکستان میں رہنے والے بنگالیوں اور افغانیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ دینے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بنگالیوں کا دکھ ہوتا تو بنی گالا کے دروازے ان کے لیے کھول دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آج کراچی میں کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرنا چاہیے تھی۔

کراچی میں صفائی کے حوالے سے سعید غنی نے کہا کہ کچھ روز پہلے چیف جسٹس نے کراچی کی صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی میں صفائی کی فکر کے بجائے پشاور کو کچرے سے صاف کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ماسٹر پلان کا بیان دیکر عمران خان نے 18 ویں ترمیم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔

مزید خبریں :