پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2018

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت


مکہ المکرمہ: وزیراعظم عمران خان نے جدہ میں سعودی فرماں روا سمیت دیگر حکام سے ملاقات کیں۔

وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے اور پہلے روز مدینہ منورہ میں گزارا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر باہمی دلچسپی کےامور اور دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔

شاہی محل پہنچنے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا— فوٹو: جیو نیوز

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بات چیت ہوئی۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں شاہی محل پہنچنے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، محل میں پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

شاہی محل میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا — فوٹو: جیو نیوز

اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

سعودی فرماں روا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سعودی فرماں روا نے شاہی محل میں عشائیہ دیا جہاں وزیراعظم نےسعودی قیادت سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کےمسائل کامعاملہ اٹھایا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کررہے ہیں — فوٹو: پی ٹی آئی سوشل میڈیا پیج

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق ملاقات میں موجود تھے۔

شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستانی وفد جدہ سے روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کےاختتام پر جدہ سے روانہ ہوئے اور سعودی وزیر اطلاعات عواد صالح نے وزیر اعظم عمران خان کو شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے سے رخصت کیا۔

میئر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجدبن عبدالعزیز نے وزیر اعظم عمران خان کو الوداع کیا۔

 کسی کو بھی سعودی عرب پرحملہ کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، عمران خان

علاوہ ازیں سعودی اخبارات کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، کسی کو بھی سعودی عرب پرحملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے جدہ میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی۔ 

شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب  عادل بن احمد الجبیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔

ملاقات دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی جب کہ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی بنیاد مضبوط ہے اور اس دورہ سے ہمارے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

وزیراعظم نے عمرہ ادا کیا

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ شب عمرہ بھی ادا کیا۔ ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولاگیا، جہاں وزیراعظم نے نوافل ادا کیے اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ 

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے جدہ پہنچے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فوادچوہدری اور مشیر تجارت عبد رزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

جدہ سے مدینہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا جب کہ پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار کر ننگے پاؤں قدم رکھا تھا، روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور وہاں نماز مغرب اور نوافل ادا کیے تھے۔

رواں برس جون میں بھی عمران خان عمرے کی ادائیگی کے لیے خصوصی طیارے سے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اترے تو وہ ننگے پاؤں تھے۔