دنیا
Time 22 ستمبر ، 2018

بھارتی سیاست میں ہلچل؛ نریندر مودی کرپشن اسکینڈل میں پھنس گئے

بھارتی عوام کے دماغ میں یہ بات ہے کہ دیش کا چوکیدار چور ہے، راہول گاندھی— فوٹو:فائل 

مودی سرکار کی دیوالیہ کمپنی پر عنایتوں کی داستان سامنے آنے پر بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرپشن کے نئے اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں جس میں فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کا تنازع سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فرانس کے سابق صدر فرانسوآ اولاند نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے 11 کھرب روپے مالیت کے 36 رافیل لڑاکا طیارے کی خریداری کیلئے بزنس مین انیل امبانی کی دیوالیہ کمپنی کو پارٹنر بنانے کی تجویز دی تھی۔

سابق فرانسیسی صدر کے انکشافات کے بعد بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی بھی مودی سرکار پر برس پڑے ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا ہے کہ انیل امبانی کی کمپنی 45 ہزار کروڑ روپے کے قرض میں ڈوبی ہوئی تھی اور اس کی مدد کے لیے ہی نریندر مودی نے رافیل طیاروں کے معاہدے کا سہارا لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام کے دماغ میں یہ بات ہے کہ وطن کا چوکیدار چور ہے  اور سابق فرانسیسی صدر نے بھی ہمارے وزیراعظم کو چور کہا ہے۔

راہول گاندھی کے مطابق مودی کو فرانسیسی صدر کے بیان کی تصدیق یا تردید کرنی چاہیے لیکن ہمیں مکمل یقین ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرپٹ ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نریندر مودی کے دوست اور چھوٹے مودی کے نام سے مشہور ہیرے کے تاجر نیرو مودی کے اثاثے ڈیڑھ کھرب روپے کے فراڈ کے الزام میں منجمند کر دیے گئے تھے۔

بھارت کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس وقت بھی الزام عائد کیا گیا تھا کہ چھوٹے مودی کو نریندر مودی کی حمایت حاصل ہے اور اسے ملک سے فرار کرانے میں بھی بھارتی وزیراعظم ہی کا ہاتھ ہے۔

مزید خبریں :